اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات بلوچستان، زیریں خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ ملک کے دیگر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق منگل کو اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک جبکہ مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔ تاہم وزیرستان، پاراچنار، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، خانیوال اور ساہیوال میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع بشمول کوئٹہ، چمن، ژوب، زیارت، سبی، قلات، کیچ، پنجگور اور گوادر میں وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ تاہم دادو، جامشورو، لاڑکانہ، جیکب آباد، کراچی اور حیدرآباد میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک آئی ڈی ایپ لانچ، گاڑیوں کی ملکیت کی تبدیلی اب 48 گھنٹوں میں ممکن
کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم سرد اور جزوی ابرآلود رہے گا۔ جبکہ کشمیر میں چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 7، استور منفی 4، اسکردو منفی 3، بگروٹ منفی 2 اور گوپس میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
