اسلام آباد: فروری 2026 کے لیے جاری کردہ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس میں پاکستانی پاسپورٹ 97ویں نمبر پر آگیا۔ یہ درجہ بندی جنوری میں 98ویں پوزیشن اور گزشتہ سال 103ویں نمبر کے مقابلے میں نمایاں بہتری کو ظاہر کرتی ہے۔
تازہ ترین رینکنگ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز اب 32 ممالک میں بغیر پیشگی ویزا، ویزا آن آرائیول یا الیکٹرانک ٹریول آتھارائزیشن (ای ٹی اے) کے ذریعے سفر کر سکتے ہیں۔ جبکہ جنوری میں یہ تعداد 31 تھی۔ اس اضافے میں گیمبیا کی بحالی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق 11 ممالک پاکستانی شہریوں کو ویزا فری رسائی فراہم کرتے ہیں۔ جن میں بارباڈوس، کک آئلینڈز، ڈومینیکا، ہیٹی، مائکرونیشیا، مونٹسیراٹ، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈائنز، ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو، وانواتو اور گیمبیا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 18 ممالک ویزا آن آرائیول کی سہولت دیتے ہیں۔ جن میں کمبوڈیا، مالدیپ، نیپال، قطر اور سینیگال شامل ہیں۔ جبکہ کینیا، سیچلز اور سری لنکا ای ٹی اے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا خود معائنہ کرنے تک حتمی رائے نہیں دے سکتا، ڈاکٹر عاصم
عالمی سطح پر سنگاپور 192 مقامات تک ویزا فری رسائی کے ساتھ سرفہرست ہے۔ اس کے بعد جاپان اور جنوبی کوریا کا نمبر آتا ہے۔ تازہ رینکنگ پاکستان کی بین الاقوامی سفری رسائی میں بتدریج بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔
