بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے خلاف اہم فتح کے بعد اپنی ٹیم کی کارکردگی کو اجتماعی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی پورے بھارت کے نام ہے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم نے وہی حکمت عملی اپنائی جس کے ساتھ میدان میں اتری تھی اور کھلاڑیوں نے دباؤ میں بہترین کھیل پیش کیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت نے باآسانی پاکستان کو شکست دے دی
انہوں نے نوجوان بلے باز ایشان کشن کی بیٹنگ کو خاص طور پر سراہا اور کہا کہ انہوں نے اسی اعتماد کے ساتھ اننگز کھیلی جیسا وہ حالیہ میچوں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کرتے آئے ہیں۔ سوریا کمار کے مطابق جب ٹیم ایک وکٹ پر صفر کے مشکل مرحلے سے گزر رہی تھی تو کسی کھلاڑی کو ذمہ داری لینا تھی، اور ایشان نے یہ کردار شاندار انداز میں نبھاتے ہوئے میچ کا رخ بدل دیا۔

بھارتی کپتان نے کہا کہ درمیانی اوورز میں رنز بنانے کی رفتار کچھ کم ہوئی تاہم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایسا ہونا معمول کی بات ہے۔ ہدف کے تعین پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے لیکن جب اسکور 175 تک پہنچا تو محسوس ہوا کہ یہ اوسط سے 15 سے 20 رنز زیادہ ہے۔ ان کے مطابق اگر مجموعہ 155 ہوتا تو مقابلہ زیادہ سنسنی خیز ہو سکتا تھا۔
سلمان علی آغا نے بھارت سے شکست کا ذمہ دار بیٹرز کو قرار دے دیا
گیند بازی کے حوالے سے انہوں نے ہاردک پانڈیا کو نئی گیند کے ساتھ ذمہ داری لینے پر سراہا جبکہ جسپریت بمراہ کی کارکردگی کو عالمی معیار کا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اپنی ذمہ داری بھرپور انداز میں ادا کی جو ٹیم کے لیے خوش آئند بات ہے۔

مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے بھارتی کپتان نے کہا کہ اس پر اگلے مرحلے میں غور کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم آج کامیابی کا جشن منائے گی جبکہ احمد آباد پہنچنے کے بعد آئندہ میچز کے لیے پلان تیار کیا جائے گا۔
