نئی دہلی: بھارت میں چند نوجوانوں کی جانب سے کیا گیا ایک منفرد اور مزاحیہ تجربہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ جس میں ایک روبوٹ کو سڑک پر بھیک مانگتے دیکھا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نوجوانوں نے خود تیار کردہ روبوٹ کو ایک عوامی مقام پر کھڑا کیا۔ اور پروگرامنگ کے ذریعے اسے راہگیروں سے مخصوص جملوں کے ساتھ بھیک مانگنے کا ٹاسک دیا۔
اچانک سڑک پر ایک روبوٹ کو اس انداز میں دیکھ کر شہری حیران رہ گئے۔ جبکہ متعدد افراد نے اس دلچسپ منظر کو اپنے موبائل فون کیمروں میں محفوظ کیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روبوٹ راہگیروں کے قریب جا کر مخصوص انداز میں گفتگو کرتا ہے۔ کچھ لوگ اس پر مسکراتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ بعض حیرت کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ویڈیو پر دلچسپ اور طنزیہ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ انسانوں کی بے روزگاری کے بعد اب روبوٹ کی بے روزگاری کا بھی تجربہ شروع ہو گیا ہے۔ جبکہ دیگر نے اسے ٹیکنالوجی اور معاشرتی مسائل پر ایک طنزیہ عکاسی قرار دیا۔
