آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سیفرٹ اور فن ایلن نے اننگز کا آغاز کیا، فن ایلن ایک رنز بنا کر مجیب الرحمان کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہوئے۔
ٹم سیفرٹ نے شاندار 65 رنز بنائے اور وہ محمد نبی کی گیند پر عظمت اللہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ راچن رویندرا بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے، گلین فلپس نے 42 رنز بنائے اور وہ راشد خان کا شکار بنے۔
مارک چپمن نے 28 رنز بنائے اور وہ عظمت اللہ کی گیند پر راشد خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ڈیرل مچل 25 رنز اور میچل سینٹنر 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 17.5 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے دو، عظمت عمر زئی، راشد خان اور محمد نبی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ افغانستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز رحمان اللہ گربز اور ابراہیم زادران نے کیا۔
افغانستان کا مجموعی اسکور 35 ہوا تو اس کی پہلی وکٹ ابراہیم زادران کی گری انہوں نے 10 رنز بنائے اور وہ فرگوسن کی گیند پر فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کا اسکور 44 رنز پر پہنچا تو رحمان اللہ گربز بھی فرگوسن کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے، انہوں نے 27 رنز بنائے۔
123 کے مجموعی اسکور پر افغانستان کے صدیق اللہ اتل29 رنز بنا کر ڈفی کی گیند پر وکٹ کیپر سیفرٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
افغان بیٹر گلبدین نائب نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے اور وہ 156 کے مجموعی اسکور پر رویندرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ آج، بنگلا دیشی بورڈ کے صدر لاہور پہنچ گئے
افغانستان کی پانچویں وکٹ 164 کے مجموعی اسکور پر گری، درویش رسولی 20 رنز بنا کر ہینری کی گیند پر فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ چھٹی وکٹ عظمت اللہ عمرزئی کی گری وہ رن آؤٹ ہوئے، انہوں نے چودہ رنز بنائے۔
محمد نبی 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، افغانستان نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیتنے کے لئے 183 رنز کا ہدف دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن نے دو، میٹ ہینری، جیکب ڈفی، راچن رویندرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
