لاہورکے لیے بیلٹ پیپرز کی طباعت مکمل، ترسیل آج ہو گی


لاہور: انتخابات کے لیے لاہور کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل ہو گیا ہے، اب یہ بیلٹ پیپرز فوج کی نگرانی میں آج اسلام آباد سے لاہور منتقل کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کے مطابق عدلیہ کی تین رکنی ٹیم بیلٹ پیپرز کو پریس فاؤنڈیشن ہاؤس اسلام آباد سے وصول کرے گی اور انہیں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آراو)  لاہور کے حوالے کرے گی۔

لاہور سے عدلیہ کی تین رکنی ٹیم منگل کی رات سینئر سول جج دلدار شاہ کی سربراہی میں اسلام آباد روانہ ہوئی تھی، ٹیم  بدھ کو بیلٹ پیپرز وصول کر کے لاہور کے لیے روانہ ہو گی اور شام کو لاہور پہنچ جائے گی، ٹیم کی حفاظت کے لیے پاک فوج اور ایلیٹ فورس کے جوان بھی ساتھ رہیں گے۔

دوسری جانب لاہور کے پولنگ اسٹاف سے حلف لینے کا عمل مکمل ہو گیا ہے، آج ڈی آراو کو حلف لینے والے اسٹاف کی تفصیل بھیج دی جائے گی۔

گزشتہ روز الیکشن کمیشن پاکستان نے شہریوں کی سہولت کے لیے پہلے سے جاری ایس ایم ایس سروس کی سہولتوں میں توسیع کی تھی اور اب کوئی بھی شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ  کر 8300  پر ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے پولنگ اسٹیشن کا نام اور شماریاتی نمبر معلوم کر سکے گا۔


متعلقہ خبریں