وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات میں سیاسی امور یا بانی پی ٹی آئی سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم نے خود انہیں ملاقات کی دعوت دی تھی۔ ملاقات میں بلوچستان میں حالیہ واقعے پر اظہار تعزیت کیا گیا اور دہشتگردی کے ہر واقعے کی مذمت کی گئی۔
متاثرین کی معاونت کیلئے جاری فنڈز کی ایک ایک پائی کا حساب رکھا جائے گا، سہیل آفریدی
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ساتھ صوبے کے مسائل، ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں اور 26 ارب روپے کی سرمایہ کاری پر بات ہوئی ، اس کے علاوہ دہشتگردی کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل پر بھی غور کیا۔
انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے احسن اقبال سمیت دیگر حکام کو ہدایات جاری کی ہیں اور این ایف سی اور فنڈنگ سے متعلق تمام امور بھی زیر بحث آئے۔

