پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کی ٹیوشن فیس سے متعلق وضاحت جاری کرتے ہوئے فیس کی حد مقرر کر دی ہے۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کے لئے ٹیوشن فیس، تمام ذیلی چارجز سمیت، زیادہ سے زیادہ 18 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی نے میڈیکل طلبا کیلئے سخت قواعد میں نرمی کر دی
کونسل نے واضح کیا کہ یہ فیس حد تمام سیشنز پر لاگو ہوگی اور سیشن 25-2024 کے دوران ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں پہلے سال سے فائنل ایئر تک زیرِ تعلیم تمام طلبہ اس کے دائرہ کار میں آئیں گے۔
اسی طرح پی ایم ڈی سی نے بتایا کہ 6 اکتوبر 2025 کو 5 فیصد اضافہ کے ساتھ مطلع کردہ ٹیوشن فیس یعنی 18 لاکھ 90 ہزار روپے، سیشن 26-2025 سے تمام سیشنز اور ایم بی بی ایس و بی ڈی ایس پروگراموں میں پہلے سال سے آخری سال تک زیر تعلیم طلبہ پر لاگو ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 2026 کے بعد ٹیوشن فیس میں کسی بھی قسم کا اضافہ، تمام ذیلی چارجز سمیت، صرف کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی ) کی بنیاد پر کیا جائے گا اور اس سے متعلق علیحدہ نوٹیفکیشن مقررہ وقت پر جاری ہوگا۔
نرس کو ڈاکٹر کا درجہ دینے کی تجویز، پی ایم ڈی سی کا شدید تحفظات کا اظہار
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے تمام نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری کردہ وضاحتوں پر سختی سے عمل کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی۔
