صدرمملکت آصف زرداری نے یو اے ای کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم سےملاقات کی ،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران معاشی،تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔
علاوہ ازیں صدر مملکت آصف زرداری سے ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین سلطان احمد بن سلیم کی بھی ملاقات ہوئی ،ملاقات میں پاکستان اور ڈی پی ورلڈ کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون کا جائزہ لیا گیا۔

صدرِ مملکت نے ڈی پی ورلڈ کی پاکستان کیساتھ شراکت داری ،بندرگاہی آپریشنز اور بنیادی ڈھانچے کے کردار کو سراہا،انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات بہتر روابط اور جدید لاجسٹکس انفراسٹرکچر کے ذریعے پاکستان کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔
گروپ چیئرمین ڈی پی ورلڈ سلطان احمد بن سلیم کا کہنا تھا کہ سمندری راستوں پر بڑھتے دباؤ کے دور میں پاکستان ایک نہایت اہم مقام رکھتا ہے۔پاکستان سمندر اور خشکی کے ذریعے دنیا کے اہم حصوں کو جوڑنے والا ایک قدرتی مرکز ہے۔

متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے دہائیوں پر محیط قابلِ اعتماد اور دیرپا تعلقات ہیں،صدرِ مملکت نے ادارہ جاتی سہولت کاری اور تیز تر منظوریوں کی فراہمی کے لئے حکومتِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے طویل المدتی تعاون کو مزیدگہرا کرنے کی اہمیت پر بھی زوردیا۔
