لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کو 3 لاکھ تک بلاسود قرض فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے ہنرمند نوجوانوں کو پرواز کارڈ کے ذریعے 3 لاکھ روپے تک بلا سود فراہم کیے جائیں گے۔ تاکہ وہ تعلیم اور ہنر کے شعبے میں آگے بڑھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف اور سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پرواز کارڈ کے ذریعے مالی معاونت میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ ابتدائی طور پر 50 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو پرواز کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ تاکہ کوئی بھی نوجوان وسائل کی کمی کی وجہ سے پیچھے نہ رہ جائے۔ صوبے کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک 2 لاکھ بچوں کو ٹریننگ دی جا چکی ہے۔ اور ایک ہزار بچوں کو گارمنٹس کے شعبے میں روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ نوجوانوں کو نہ صرف ہنر سکھایا جا رہا ہے۔ بلکہ روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ جس میں ای کامرس کے ذریعے بھی نوجوان باعزت روزگار حاصل کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت کی دنیا بھر میں مانگ ہے۔ اور صرف تربیت فراہم کر کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ بگٹی میں گیس کی نئی دریافت، ماڑی انرجی لمیٹڈ کا اعلان
انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام وسائل عوام کی خدمت میں استعمال کیے جا رہے ہیں۔ اور موبائل پولیس اسٹیشن عوام کے مسائل کو براہ راست گھروں کی دہلیز پر حل کر رہے ہیں۔
