اسلام آباد: فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے ایک تازہ رپورٹ میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے حقوق، مراعات اور سہولیات کی تفصیلات جاری کر دیں۔
رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی مکمل ہو چکی ہے۔ قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی جبکہ سینیٹ میں علامہ راجہ ناصر عباس اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر فائز ہیں۔
فافن کے مطابق اپوزیشن لیڈر کو وفاقی وزیر کے برابر تنخواہ اور مراعات دی جاتی ہیں۔ آئین کے تحت اپوزیشن لیڈر کو ایوان میں اہم حیثیت حاصل ہوتی ہے۔ اور اظہار خیال کے دوران انہیں ترجیح دی جاتی ہے۔
مالی مراعات کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ اپوزیشن لیڈر کی بنیادی ماہانہ تنخواہ 5لاکھ 19ہزار روپے ہے۔ اس کے علاوہ 5ہزار روپے آلات الاؤنس، 6ہزار روپے سپلیمنٹری الاؤنس اور 22 ہزار روپے یوٹیلیٹی الاؤنس دیا جاتا ہے۔
رہائش کی سہولت کے تحت اپوزیشن لیڈر کو فرنشڈ سرکاری رہائش فراہم کی جاتی ہے. تاہم اگر وہ سرکاری رہائش استعمال نہ کریں تو انہیں ایک لاکھ 3ہزار 125روپے ماہانہ ہاؤس رینٹ دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ سرکاری گاڑی اور اس کی دیکھ بھال کی سہولت بھی حکومت فراہم کرے گی۔
فافن کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر ضرورت پڑنے پر پاک فضائیہ یا حکومت کے ہیلی کاپٹر یا طیارے کے ذریعے سفر کر سکتے ہیں۔ سرکاری دوروں کے دوران انہیں 4 ہزار 50 روپے یومیہ سفری الاؤنس جبکہ سرکاری قیام کے دوران 4 ہزار روپے یومیہ الاؤنس دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ریاستی اداروں پر گمراہ کن الزامات ، سہیل آفریدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے لیے ایک پرائیویٹ سیکرٹری، پرسنل اسسٹنٹ، اسٹینوگرافر، قاصد اور نائب قاصد تعینات کیے جاتے ہیں۔ رہائش گاہ پر سرکاری ٹیلی فون کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ جس پر اندرون ملک کالز مفت ہوں گی۔ جبکہ علاج اور طبی سہولیات بھی حکومتی ذمہ داری ہوں گی۔
