ابوظہبی میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور صدر یو اے ای شیخ محمد بن زید النہیان کی ملاقات ہوئی ،ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، ملاقات میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور خاتون اول آصفہ بھٹو بھی موجود تھیں۔

پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر گفتگو ہوئی ،تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے شعبوں میں نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات میں اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے کی نمایاں صلاحیت کو اجاگر کیا گیا، صدر مملکت نے صدریو اے ای شیخ محمد بن زید النہیان کے حالیہ دورہ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
دونوں فریقین نے علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا،دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
