کرکٹ اسکاٹ لینڈ کی چیف ایگزیکٹو (Trudy Lindblade) نے ٹی20 ورلڈ کپ سے آخری لمحات میں بنگلا دیش کی ٹیم کے اخراج پر بنگلا دیشی کھلاڑیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کو ملنے والی اچانک دعوت کے بعد بورڈ کو اپنی مردوں کی ٹیم کو فوری طور پر تیار کرنے کے لیے دن رات محنت کرنا پڑی۔
ورلڈ کپ میں شرکت کا معاملہ،پاکستانی حکومت جو فیصلہ کریگی،من و عن عمل کریں گے،محسن نقوی
یورپ ریجنل فائنل میں اٹلی اور جرسی کے خلاف شکست کے باعث اسکاٹ لینڈ براہِ راست ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کر سکا تھا، تاہم بنگلا دیش کی جانب سے بھارت میں کھیلنے سے ہچکچاہٹ اور آئی سی سی کی طرف سے میچز سری لنکا منتقل کرنے سے انکار کے بعد، اسکاٹ لینڈ کو بطور سب سے زیادہ رینکنگ والی غیرکوالیفائی ٹیم ٹورنامنٹ میں شامل کر لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہم بنگلا دیش کی ٹیم کے لیے واقعی افسوس محسوس کرتے ہیں۔ کوئی بھی ٹیم اس انداز میں ورلڈ کپ میں شامل نہیں ہونا چاہتی۔ یہ غیرمعمولی حالات ہیں اور ہم اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ممکنہ تنقید سے وہ خائف نہیں، ’’لوگوں کی اپنی رائے ہو سکتی ہے، مگر ہمیں آئی سی سی نے دعوت دی ہے اور ہم دنیا کی 14ویں نمبر کی ٹیم ہیں، جو سال بھر مسلسل کرکٹ کھیلتی ہے۔‘‘
پاکستان کا ٹی20 ورلڈکپ 2026میں شرکت کا حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر کو ہوگا،محسن نقوی
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کو ہفتے کے روز آئی سی سی چیف ایگزیکٹو سنجیو گپتا کی جانب سے باضابطہ اطلاع ملی، تاہم اس سے قبل ہی ممکنہ صورتحال کے پیشِ نظر تیاری شروع کر دی گئی تھی۔انہوں نے کہا محدود اسٹاف کے باوجود تمام شعبے متحرک ہیں کیونکہ انڈر 19 ٹیم اور ویمنز ٹیم بھی بیک وقت مصروفِ عمل ہیں۔
آئی سی سی نے اسکاٹش کھلاڑیوں کو بھارتی ویزوں کے اجرا میں تیزی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ٹیم رواں ہفتے بھارت روانہ ہوگی اور بنگلورو میں افغانستان اور نمیبیا کے خلاف وارم اپ میچز کھیلے گی۔
اسکاٹ لینڈ کے ہیڈ آف پرفارمنس اسٹیو اسنیل کا کہنا ہے کہ دباؤ دیگر ٹیموں پر ہوگا، کیونکہ اسکاٹ لینڈ انڈرڈاگ کے طور پر میدان میں اترے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’’کھیل کی خوبصورتی ہی اس کی غیرمتوقع نوعیت ہے، ہم اپ سیٹس کرنے کی کوشش کریں گے۔‘‘
واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ گروپ بی میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، اٹلی اور نیپال کے ساتھ مقابلہ کرے گا، جہاں ٹاپ دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔
