متوقع بارش اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر چار روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔یہ فیصلہ علاقے میں خراب ہوتے ہوئے موسمی حالات کے باعث کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
شدید موسمی صورتحال، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ایڈوائزری جاری کر دی
ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال سیاحوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے، اس لیے عوام اور سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بدھ تک گلیات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ حکام کے مطابق موسم بہتر ہونے کے بعد سیاحوں کو دوبارہ علاقے میں داخلے کی اجازت دے دی جائے گی۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ اس سلسلے میں پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ چیک پوسٹس پر سیاحوں کو روکیں اور انہیں واپس جانے کا کہا جائے۔ پولیس حکام کے مطابق کسی بھی سیاح کو پابندی کے دوران گلیات کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کی وارننگ، بالائی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کا امکان
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں موسم کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور بارش کے ساتھ برفباری کے امکانات بھی موجود ہیں، جس سے سڑکوں پر پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ ایسے حالات میں سیاحوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
حکام نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ مزید کہا گیا ہے کہ موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، پابندی ختم کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا جائے گا۔
