مری میں شدید برفباری کی پیشگوئی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مری میں موجود سیاحوں میں کھانے پینے کی اشیا تقسیم کی جا رہی ہیں۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کے مطابق شاہراہوں سے برف ہٹانے اور نمک کے چھڑکاؤ کے تمام انتظامات فعال کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مری کی اہم شاہراہوں پر ہائی وے مشینری تعینات ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کی صورت میں سڑکوں کو فوری طور پر کلیئر کرنے کے لیے بھاری مشینری بھی موجود ہے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے شاہراہوں پر پیٹرولنگ جاری ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے کہا کہ برفباری کے باعث موسم انتہائی سرد ہوگیا ہے اور برفباری کے دوران سیاحوں کی حفاظت کے لیے 10 نکاتی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے، مری پولیس، ریسکیو اوردیگر متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں تاکہ سیاحوں اورمقامی افراد کو محفوظ بنایا جا سکے۔
ڈی پی او نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید برفباری اوربرفانی طوفان کے خدشے کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تمام چیک پوسٹوں پرتعینات ٹریفک پولیس کے عملے کی ہدایات پرسختی سے عمل کرنا لازمی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے یا مشکلات سے بچا جا سکے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
ایڈوائزری میں سیاحوں کو بتایا گیا کہ گاڑیوں میں ضروری سامان، جیسے کمبل، گرم کپڑے اور کھانے پینے کا انتظام رکھیں، اور سڑکوں پر آنے والے ہنگامی حالات کیلئے ہر وقت تیار رہیں، برفباری کے دوران سیاحوں اورمقامی افراد کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور ہدایات پرعمل کرنے سے خطرات کم کئے جا سکتے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں متوقع بارشوں اور برفباری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، آج سے 24 جنوری تک بالائی اور شمالی علاقہ جات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شدید بارش اور برفباری کے نتیجے میں دریائے کابل اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں اچانک طغیانی آ سکتی ہے، جس سے نشیبی علاقوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز اور ندی نالوں کے قریب جانے سے بچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
