ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ، پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری بھی ہورہی ہے، محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ اگلے 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی ، نارتھ ناظم آباد میں شادمان ٹائون اور اطراف میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی۔
جڑواں شہروں اسلام آباد ، راولپنڈی اور گردونواح میں بارش جاری ہے ،بارش کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار ہے۔
مری میں برفباری شروع، موسم شدید سرد، سیاحوں کیلئے ہدایات جاری
ٹریفک سست ہونے سے مختلف شاہرائوں پر ٹریفک کا دبائو ہے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے سڑکوں پر موجود ہیں۔
شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اضافی وقت کے ساتھ سفر کریں۔کسی بھی اپ ڈیٹ کے لئے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا پکار 15 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
لاہورکے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے ، مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی ، بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
میانوالی اور گردونواح میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش شروع ہے،بارش سے موسم سرد ہو گیا سردی کی شدت بڑھ گئی ، کاشت کار کہتے ہیں موجودہ بارش گندم کی فصل کیلئے مفید ثابت ہو گی۔
رائیونڈ اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ،بارش کے بعد موسم میں خنکی بڑھ گئی۔ لیسکو کے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کرگئے۔سندر روڈ سلطانکے ،مانگامنڈی سمیت متعدد علاقے بجلی سے محروم ہیں۔
ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارش کا الرٹ جاری
سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ۔بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
کرک میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے ، ٹھنڈی ہوائوں اور بارش کی و جہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان،پہاڑپور شہر اور مضافات میں بارش ہوئی ، بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،وقفے وقفے سے بوندا باندی سرد ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
لواری ٹنل اور اطراف میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری جاری ہے ، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب تک لواری ٹنل کے اطراف 5 انچ برف پڑ چکی ہے،این ایچ اے کی مشینری لواری اپروچ روڈ پر سنو کلیئرنس میں مصروف ہے۔
گرم چشمہ لنک روڈ پر بھی سنو کلیئرنس آپریشن جاری ہے،لواری اپروچ روڈ اور تمام راستے ٹریفک کے لیے بحال ہیں،مسافراور سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
بارش، برفباری:محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کردیا
ادھر وادی نیلم میں بھی موسم ابر آلود ہے، آسمان گہرے بادلوں سے ڈھک گیا،شدید سردی کی لہر برقرار ہے، درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گرگیا۔
آٹھمقام میں درجہ حرارت منفی 4،شاردہ منفی 3، کیل منفی 10،تاؤبٹ منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برفباری سے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے ۔موسمی صورتحال کے پیش نظر ایس ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔سیاحوں اور مقامی افراد کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔
سنجاوی اور گردونواح میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے،بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری جاری ہے ، تیز ہوائوں کے ساتھ کوئٹہ میں بارش کا سلسلہ رات کو شروع ہوا،زیارت ، کان مہترزئی ، مسلم باغ ، توبہ کاکڑی ، توبہ اچکزئی اور خوجک پاس پر بارش کے ساتھ برفباری بھی جاری ہے۔
بارش اور برفباری کے باعث کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، این ایچ اے اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے خوجک پاس اور شمالی علاقوں میں ہائی ویز سے برف ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔
پشین اور گردونواح میں ہلکی ہلکی برفباری شروع ہے ، برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، درجہ حرارت منفی 2 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شدید موسمی صورتحال، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
قلات شہر اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ، شہر اور گردونواح میں دو انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی ہے ، جس کی وجہ سے درجہِ حرارت نقظہ انجماد سے نیچے چلا گیا ہے۔
شہر اور گردونواح میں کم سے کم درجہِ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،برفباری سے ہرشے نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔طویل خشک سالی کے بعد برفباری سے شہری خوشی سے نہال ہو گئے ہیں۔
کوہلو شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ،بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، شہری اور دیہی فیڈرز میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔
مری میں بھی برفباری شروع ہو گئی ہے، ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں،مری پولیس، ٹریفک پولیس، ریسکیو 1122سمیت تمام ادارے ہائی الرٹ ہیں۔سیاح اور شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس ہیلپ لائن اور 15 پر رابطہ کریں۔
چمن، کوژک ٹاپ پر شدید برفباری جاری ہے ،کوئٹہ چمن شاہراہ ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند ہوگئی ، چترال کے پہاڑی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔مداکلشٹ ، یارخون ، کالاش سمیت دیگر علاقوں میں برفباری ہوئی ، برفباری سے موسم سرد ہوگیا۔
لاسپور میں کئی ہفتوں سے موبائل سگنل بھی غائب ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے،ضلع خیبر وادی تیراہ میں برف باری ہوئی ،برف باری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔وادی تیراہ میں برف باری کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا۔
تیاری کر لیں، موسم کے بارے میں اہم پیشگوئی سامنے آ گئی
پیسکو ریجن میں بارش کی وجہ سے پشاور، مردان، بنوں، خیبر،ڈی آئی خان سرکل میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ، ترجمان پیسکو کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر پیسکو کے 35فیڈرز بارش کی وجہ سے ٹرپ ہوئے ہیں۔
پشاور میں 14، خیبر میں 11،بنوں میں 5،ڈی آئی خان میں3،مردان میں 2فیڈرز ٹرپ ہوئے،متاثرہ فیڈرز پر بحالی کا کام جاری ہے، جلد بجلی بحال کر دی جائیگی۔
