گوگل کے پکسل فونز میں موجود ’ٹیک اے میسج‘ فیچر میں ایک نایاب بگ سامنے آیا ہے. جس کے باعث بعض صارفین کی کالز کے دوران ان کے فون کے اردگرد کی آوازیں کال کرنے والے شخص تک پہنچ سکتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیچر مسڈ یا مسترد شدہ کالز کو خودکار طریقے سے ہینڈل کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔ جہاں کال کرنے والے کو پیغام چھوڑنے کے لیے کہا جاتا ہے۔ اور صارف کے فون پر کالر کے جواب کی ریئل ٹائم ٹرانسکرپشن دکھائی جاتی ہے۔
کم از کم 6 واقعات میں یہ فیچر کال کرنے والے کی آواز کے بجائے فون کے اردگرد کی آوازیں ریکارڈ کرنے لگا۔ جس سے کال کرنے والے کو یہ محسوس ہوا کہ کال اٹھا لی گئی ہے۔
اس مسئلے کی پہلی رپورٹ ستمبر 2025 میں ریڈٹ پر سامنے آئی۔ جس کے بعد پکسل 5، پکسل 10 اور پکسل 4 اے صارفین نے بھی شکایات کیں۔ زیادہ تر متاثرہ ماڈلز ایسے ہیں جو اب سافٹ ویئر اپڈیٹس حاصل نہیں کر رہے۔
ماہرین کے مطابق اس مسئلے کا عارضی حل فیچر کو بند کرنا ہے۔ پکسل فون ایپ میں جا کر مینو > کال اسسٹ > ’ٹیک اے میسج‘ منتخب کریں اور ٹوگل آف کر دیں۔
گوگل کے ترجمان نے کہا کہ ٹیم ان رپورٹس سے آگاہ ہے اور مسئلے کی فعال تحقیقات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، ٹیکس میں کمی ہو گئی
واضح رہے کہ یہ فیچر پکسل 4 اور بعد کے ماڈلز میں امریکا، برطانیہ، آئرلینڈ اور آسٹریلیا میں دستیاب ہے اور اس میں اسپیم کال پروٹیکشن بھی شامل ہے۔
