پاکستان سپر لیگ (psl) میں شامل ہونے والی نئی ٹیموں سے متعلق دلچسپ تفصیلات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں، جس کے بعد کرکٹ شائقین میں جوش و خروش بڑھتا جا رہا ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی نئی فرنچائز کا مجوزہ نام’’کنگز مین حیدرآباد‘‘ ہو سکتا ہے، تاہم اس نام پر حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا میں قائم ایف کے ایس گروپ، جس کی قیادت فواد سرور کر رہے ہیں، اپنی نئی فرنچائز کے لیے مختلف برانڈنگ آپشنز پر غور کر رہا ہے۔
’’کنگز مین‘‘ نام کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ یہی گروپ امریکا میں کرکٹ ٹیم شکاگو کنگز مین کا بھی مالک ہے، جس سے دونوں ٹیموں کے درمیان برانڈ ہم آہنگی پیدا ہو سکتی ہے۔
پی ایس ایل کی نئی فرنچائز ’’سیالکوٹ‘‘ کا مکمل نام کیا ہوگا؟اعلان کردیا گیا
ایف کے ایس گروپ نے پی ایس ایل کی ساتویں فرنچائز حاصل کر کے لیگ کی توسیع میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ فرنچائز پی ایس ایل 11 سے باقاعدہ طور پر لیگ کا حصہ بنے گی۔
حیدرآباد کی ٹیم کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی ایک اہم اور ہائی پروفائل نیلامی کے دوران فروخت کیا گیا، جہاں گروپ نے 1 ارب 75 کروڑ روپے کی بولی دے کر فرنچائز اپنے نام کی۔

یاد رہے او زیڈ ڈویلپرز کی ملکیت سیالکوٹ کی فرنچائز کو باضابطہ طور پر’’سیالکوٹ اسٹالینز‘‘کا نام دے دیا گیا ہے۔
پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد لیگ مزید مضبوط اور دلچسپ ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے ہفتوں میں نئی فرنچائزز اپنے لوگوز، جرسیز، کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں کے انتخاب سے متعلق مزید اعلانات کریں گی، جس سے پی ایس ایل 11 کا رنگ مزید نکھر جائے گا۔
