کراچی میں گل پلازہ میں لگی آگ کے واقعے کے بعد تحقیقاتی حکام نے عمارت کے ملبے کی فرانزک جانچ کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق عمارت کی سرچنگ پر مامور ٹیموں کو ملبے کے مختلف سیمپلز جمع کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجوہات اوراس کی شدت و پھیلاؤ کے عوامل کا سراغ لگایا جا سکے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق عمارت میں آگ کیسے لگی اور اتنی تیزی سے کیوں پھیلی، اس کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔
کراچی: گل پلازہ آتشزدگی کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل، آگ شارٹ سرکٹ سے نہیں لگی
سرچنگ کے لیے مخصوص رضاکار بھی تعین کیے گئے ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیموں کوملبے میں سیمپلنگ اوردیگر ضروری اقدامات کے دوران مخصوص ہدایات دی گئی ہیں تاکہ شواہد محفوظ رہیں۔
گل پلازہ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی دو روزتک عمارت میں آ کرتفصیلی جانچ کی ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ سانحے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں اور تمام زاویوں سے حقائق سامنے لائے جائیں گے تاکہ آگ کے پیچھے ممکنہ وجوہات کا درست تعین کیا جا سکے۔
