محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش و برفباری کا آغاز ہو گیا ہے، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ، کوژک ٹاپ اور قلعہ عبداللہ میں برفباری ہوئی۔
برفباری کے باعث کان مہترزئی میں ہنگامی اقدامات اٹھانا پڑے، بارش کے باعث کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی، نوشکی میں برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گر گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دوپہر سے شام تک بارش ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان اور کینیڈا کا معدنیات و توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق
آج بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہونے کی توقع ہے۔
مغربی سسٹم کے زیر اثر مری میں بارش کے ساتھ 12 سے 20 انچ تک برفباری ہونے کی توقع ہے، اس حوالے سے حکومت پنجاب نے اہم ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ انتظامات کا جائزہ لینے مری پہنچے، انہوں نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے اجلاس کی صدارت کی، انہیں برف باری، روڈ کلیئرنگ اور لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ آج اور کل مری میں برفباری اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، 12 سے 20 انچ برف پڑنے کا امکان ہے۔
