اسلام آباد، پاکستان اور کینیڈا نے معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، یہ اتفاق رائے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آیا۔
ملاقات میں معدنی وسائل کی ترقی، توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
کینیڈین ہائی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان میں واقع ریکوڈک منصوبے میں بیرک گولڈ کی کامیابی پاک کینیڈا معدنی تعاون کی ایک مضبوط اورعملی مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف سرمایہ کاری کے فروغ کا باعث بن رہا ہے بلکہ مقامی آبادی کے لیے بھی مثبت سماجی اثرات مرتب کر رہا ہے، جن میں اسکولوں اور اسپتالوں جیسے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔
یورپی یونین کا امریکا کیساتھ تجارتی معاہدہ معطل کرنے کا فیصلہ
وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے نے عالمی سطح پر مالی معاونت حاصل کرلی ہے، جو کسی بھی پاکستانی منصوبے کے لیے اب تک کا سب سے بڑا فنڈنگ راؤنڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں کینیڈا کی تکنیکی معاونت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردارادا کرسکتی ہے۔
کینیڈین ہائی کمشنرنے مزید بتایا کہ کینیڈا، پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں مزید کینیڈین کمپنیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے جبکہ کینیڈا کی وزارتِ قدرتی وسائل پاکستان کے معدنی شعبے کی ترقی میں مکمل تعاون کے لئے تیار ہے۔
دونوں فریقین نے بدلتے عالمی منظرنامے میں باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
