پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی، جس میں اپوزیشن کی موجودہ حکمتِ عملی اور پارلیمانی معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمعین قریشی اورقومی اسمبلی میں چیف وہیپ ملک عامرڈوگر بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران سلمان اکرم راجہ نے محمود خان اچکزئی کو قائدِ حزبِ اختلاف منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی مضبوط اورمؤثرقیادت پارلیمانی جمہوریت کے استحکام کیلئے ناگزیر ہے اوراس ضمن میں مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن کے کردار، قانون سازی کے عمل اور عوامی مسائل پر مشترکہ مؤقف اپنانے پر غور کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کا خواجہ آصف کے بیان پر سخت ردعمل ، حکومت سے وضاحت مانگ لی
رہنماؤں نے اس امرپراتفاق کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان باہمی رابطہ اور ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ جمہوری اقدار کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اپوزیشن کا مقصد آئین و قانون کی بالادستی اورعوام کے حقوق کا تحفظ ہے جس کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو مل کرجدوجہد کرنا ہوگی۔
انہوں نے سلمان اکرم راجہ اوردیگررہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مثبت اورتعمیری سیاست ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتی ہے۔
