راجن پور: پنجاب پولیس کے آپریشن کے دوران 18 انتہائی مطلوب کچے کے ڈاکوؤں نے سرنڈر کر دیا۔ جس کے بعد 2 روز میں سرنڈر کیے گئے ڈاکوؤں کی مجموعی تعداد 29 ہو گئی.
راجن پور میں پنجاب پولیس کی جانب سے کچہ کریمنلز کے خلاف جاری آپریشن کے دوران بڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ جہاں 18 انتہائی مطلوب ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق ہتھیار ڈالنے والوں میں ایک کروڑ روپے اور 50 لاکھ روپے سر کی قیمت والے خطرناک ڈاکو بھی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ روز بھی 11 ڈاکوؤں نے اسلحہ سمیت پولیس کے سامنے سرنڈر کیا تھا۔ جس کے بعد صرف دو روز میں سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کی مجموعی تعداد 29 ہو گئی ہے۔
ڈی پی او راجن پور نے کہا کہ ہتھیار ڈالنے والے ڈاکو قتل، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ گرفتار ڈاکوؤں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: گل پلازہ سانحہ، کراچی پولیس چیف نے تخریب کاری کا امکان مسترد کر دیا
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے بیشتر ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ہیں۔ جبکہ متعدد ڈاکو زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جس کے باعث جرائم پیشہ عناصر کا نیٹ ورک کمزور پڑ گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز کے خلاف اس کامیاب کارروائی پر راجن پور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔
