ایک کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ 21 جنوری کو متوقع ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے کے معاملے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) بدستور اپنے مؤقف پر قائم ہے اور تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی وفد سے ڈھاکا میں ہونے والی ملاقات کے دوران بی سی بی نے بھارت میں میچز کھیلنے کے بجائے انہیں کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی درخواست کی۔ تاہم آئی سی سی نے بی سی بی کو واضح طور پر ڈیڈ لائن سے آگاہ کر دیا ہے اور بنگلادیش کی گروپ تبدیلی کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی ہے۔
بنگلادیش نے گروپ بی میں شامل آئرلینڈ کے ساتھ گروپ تبدیل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی، لیکن آئی سی سی نے اس تجویز کو قبول نہیں کیا۔ ویب سائٹ کے مطابق بنگلادیش کی ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت کا حتمی فیصلہ 21 جنوری کو سامنے آئے گا۔
بنگلادیش نے آئی سی سی وفد میں شامل بھارتی اہلکار کو ویزا دینے سے انکار کر دیا
بی سی بی کے صدر نجم الحسن کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں عدم شرکت کی صورت میں بھی بنگلادیش بورڈ کو کسی قسم کے مالی نقصان کا سامنا نہیں ہوگا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی نے بنگلادیش کو سیکیورٹی کے حوالے سے مکمل یقین دہانی کرائی ہے اور اب بی سی بی کے حتمی جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
اگر بنگلادیش ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کرتا ہے تو آئی سی سی رینکنگ کی بنیاد پر کسی دوسری ٹیم کو شامل کیا جا سکتا ہے، جس کے لیے اسکاٹ لینڈ کو متبادل کے طور پر زیر غور رکھا گیا ہے۔
