کراچی: حکام فائر بریگیڈ نے گل پلازہ آتشزدگی کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
حکام فائر بریگیڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ گل پلازہ کی عمارت کا عقبی حصہ مکمل طور پر زمین بوس ہو چکا ہے۔
فرقان نامی فائر فائٹر عمارت گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہو گیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا کہ کے ایم سی فائر بریگیڈ کا ایک فائر فائٹر ملبے کی زد میں آ کر زخمی ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 6 افراد کی اموات اب تک رپورٹ ہوچکی ہیں، 17 افراد زخمی ہوئے، ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ گل پلازہ میں لگی آگ پر 60 فیصد تک قابو پایا جا چکا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وقفے وقفے سے عمارت کے اندر آگ دوبارہ بھڑکنے کا سلسلہ جاری ہے، 3 جانب سے عمارت کو گھیرے میں لے کر فائر فائٹنگ جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کا سخت نوٹس، فوری انکوائری کی ہدایت
رپورٹ میں کہا گیا کہ پانی وافر مقدار میں موجود ہے، فی الحال آگ مکمل بجھانا سب سے بڑا چیلنج ہے، عمارت کا اسٹرکچر انتہائی کمزور ہو چکا ہے، سامنے کا حصہ کسی وقت بھی گر سکتا ہے۔
