لاہور، دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں وسیع کارروائیاں کیں، جن کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ سمیت 49 دہشت گرد گرفتار کئے گئے۔
حکام کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک ہفتے کے دوران متعدد آپریشنز کئے گئے، جن میں لاہور سے بھارتی خفیہ ایجنٹ مجتبیٰ کوگرفتارکیا گیا، جس کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اوراہم سرکاری و حساس عمارتوں کے نقشے برآمد ہوئے۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتاردہشتگردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ بنانے کا سامان اوردیگردھماکہ خیز مواد بھی حاصل ہوا اورابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ دہشت گرد مختلف مقامات پرحملے کرکے عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
مزید برآں، ایک ماہ کے دوران صوبے بھرمیں 6 ہزار 131 کومبنگ آپریشنزکئے گئے، جن میں 5 سو 99 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ 2 لاکھ 43 ہزار546 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث منظم گروہ کے 5 ارکان گرفتار
یہ کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، چکوال، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور فیصل آباد میں کی گئیں۔
سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید تیزکرنے اورعوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ ممکنہ خطرات بروقت ناکام بنائے جا سکیں۔
