ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جو رواں برس 26 مارچ سے شروع ہوگا۔
اس حوالے سے ایچ بی ایل پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اہم اجلاس چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیرِ صدارت لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تمام 8 فرنچائزز کے نمائندگان کے علاوہ پی سی بی اور پی ایس ایل کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز پر چیئرمین پی سی بی اور دیگر شرکا نے سیالکوٹ اور حیدرآباد کی نئی ٹیموں کے مالکان کو ایچ بی ایل پی ایس ایل فیملی میں خوش آمدید کہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ٹیم کو نئی ٹیموں کی کامیاب نیلامی کے انعقاد پر بھی سراہا گیا، جسے لیگ کی ترقی اور ارتقا کی ایک اہم کڑی قرار دیا گیا۔
پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اہم اجلاس طلب، ایجنڈا جاری
اجلاس کے دوران مختلف امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی، جن میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا شیڈول، کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا طریقہ کار، پلیئر آکشن یا آکشن اور ڈرافٹ کے امتزاج پر مشتمل منفرد نظام ’’ڈراکشن‘‘ کو اپنانے، اور براہِ راست سائننگز کے آپشنز شامل تھے۔
گورننگ کونسل کے اجلاس میں حتمی طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن جمعرات، 26 مارچ سے شروع ہوگا، جس پر شائقینِ کرکٹ، کھلاڑیوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز میں نئے سیزن کے حوالے سے جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
اجلاس کے اختتام پر ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو ہفتے کے روز ایجنڈا آئٹمز پر مزید غور کرے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر گورننگ کونسل کا اجلاس دوبارہ طلب کیا جائے گا۔
