ٹیک ویلی اور ہم نیوز نیٹ ورک کے درمیان صحافت کو جدید ڈیجیٹل تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک اسٹریٹجک شراکت داری طے پا گئی ہے۔
اس سلسلے میں دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب ہم نیوز ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
معاہدے پر ٹیک ویلی پاکستان کے سی ای او عمر فاروق نے دستخط کیے، جبکہ ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی اور ہم نیوز کے ڈائریکٹر نیوز ریحان احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
شراکت داری کے تحت ہم نیوز کے صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کو جدید ڈیجیٹل ٹولز، تربیت اور وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ خبروں کی تلاش، تصدیق اور مؤثر ڈیجیٹل کہانی بیان کرنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں۔
اس موقع پر ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی کا کہنا تھا کہ ٹیک ویلی کے ساتھ یہ شراکت داری ہم نیوز کے صحافیوں کو جدید اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد صحافتی اقدار اور ادارتی دیانت داری کو برقرار رکھتے ہوئے معاشرے کو زیادہ باخبر بنانا ہے۔
وزیراعظم کی ورلڈ لبرٹی فنانشل وفد سے ملاقات، ڈیجیٹل ادائیگیوں پر معاہدہ
یہ شراکت داری گوگل اور ٹیک ویلی کے قومی سطح کے منصوبے ’’ڈیجیٹل صحافت‘‘ کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان بھر میں صحافیوں اور میڈیا کے طلبہ کو اے آئی پر مبنی ڈیجیٹل ٹولز کی تربیت دینا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور لاہور میں ہم نیوز کے صحافیوں کو گوگل کے اے آئی وسائل کے استعمال کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔

ٹیک ویلی کے سی ای او عمر فاروق نے کہا کہ ’’ڈیجیٹل صحافت 2.0‘‘ ڈیجیٹل خلا کو کم کرنے کے عزم کا عملی اظہار ہے، اور ہم نیوز کے ساتھ شراکت داری اس بات کا ثبوت ہے کہ بہترین کہانی گوئی اور بہترین ٹیکنالوجی مل کر ایک باخبر اور بااختیار معاشرہ تشکیل دے سکتی ہیں۔
پروگرام کے دوران اے آئی ٹولز جیسے جیمنی، نوٹ بُک ایل ایم، پن پوائنٹ اور جدید ویری فکیشن تکنیکوں کے استعمال پر بھی توجہ دی جائے گی تاکہ نیوز روم کے ورک فلو اور رپورٹنگ کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
تقریب میں ڈیجیٹل صحافت منصوبے کی پراجیکٹ مینیجر سمین عزیز اور ٹیک ویلی کی ٹیم کے دیگر اراکین بھی شریک تھے۔ شراکت داری کا مقصد اس یقین کو فروغ دینا ہے کہ ٹیکنالوجی انسانی صحافتی صلاحیتوں کی جگہ لینے کے بجائے انہیں مزید مضبوط بنائے، جبکہ اے آئی کے اخلاقی استعمال کے ذریعے درستگی اور ادارتی اصولوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
