نائجیریا کے اوگون–لاگوس ایکسپریس وے پر پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں برطانوی ہیوی ویٹ باکسر انتھونی جوشوا(Anthony Joshua) زخمی ہو گئے، تاہم پولیس حکام کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ حادثے کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔
View this post on Instagram
نائجیریا کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ انتھونی جوشوا کو حادثے کے بعد فوری طور پر طبی امداد کے لیے ایک نامعلوم اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا معائنہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق جوشوا کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں اور وہ مکمل طور پر ہوش میں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر انہیں اسپتال لے جایا گیا تاکہ مکمل طبی جانچ ممکن بنائی جا سکے۔
پاکستانی باکسر محمد وسیم نے ورلڈ گولڈ بینٹم کا ٹائٹل جیت لیا
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب اوگون–لاگوس ایکسپریس وے پر ایک گاڑی بے قابو ہو کر دیگر گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
انتھونی جوشوا کے قریبی ذرائع کے مطابق باکسر کی حالت تسلی بخش ہے اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جوشوا جلد ہی اسپتال سے ڈسچارج ہو سکتے ہیں۔ واقعے کے بعد شائقین اور کھیلوں کی دنیا سے وابستہ شخصیات کی جانب سے جوشوا کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
محمد وسیم اور تھائی لینڈ کے باکسر کے درمیان مقابلہ ، مائیک ٹائسن کی پاکستان آمد متوقع
واضح رہے کہ 36 سالہ انتھونی جوشوا کے نائجیریا کے علاقے ساگامو، اوگون اسٹیٹ سے گہرے خاندانی روابط ہیں اور وہ اکثر وہاں آتے جاتے رہتے ہیں۔ حادثے کی خبر سامنے آتے ہی مقامی سطح پر بھی تشویش پائی گئی، تاہم حکام نے تصدیق کی ہے کہ جوشوا محفوظ ہیں اور کسی بڑے خطرے سے دوچار نہیں۔
