بھوٹان کے بولر سونم ییشے نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
میانمار کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سونم ییشے نے صرف 4 اوورز میں 7 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
سونم ییشے کی تباہ کن بولنگ کے باعث میانمار کی ٹیم 127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 45 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یہ کارکردگی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ میں بولنگ کے بہترین اسپیلز میں شمار کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک اننگز میں زیادہ سے زیادہ 7 وکٹیں لینے کا ریکارڈ موجود تھا، جو مختلف مواقع پر قائم ہوا، تاہم سونم ییشے نے 8 وکٹیں لے کر یہ ریکارڈ توڑ دیا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ماضی کے نمایاں بولنگ ریکارڈز پر نظر ڈالیں تو پاکستان کے کھلاڑی بھی اس فہرست میں نمایاں رہے ہیں۔ پاکستان کے عمر گل نے 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 6 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جو طویل عرصے تک ٹی ٹوئنٹی کی بہترین بولنگ کارکردگی سمجھی جاتی رہی۔
شاہد آفریدی، سعید اجمل اور شاداب خان بھی مختلف مواقع پر پانچ پانچ وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کر چکے ہیں۔
سونم ییشے کی یہ غیرمعمولی کارکردگی نہ صرف بھوٹان بلکہ عالمی کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی تاریخ کا ایک یادگار باب بن گئی ہے۔
