مسجد نبویﷺ میں اللہ کے مہمانوں کو عبادت کی دعوت دینے والی نرم و دل کو چھو لینے والی اذان کی آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی ہے، مگر ان کی آخری اذان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
مسجد نبوی ﷺ کے مؤذن شیخ فیصل نعمان کو 2000 میں باضابطہ مؤذن مقرر کیا گیا تھا، اور انہوں نے 25 سال تک اپنی خوبصورت اور پرخلوص آواز میں اذان دی۔ چند روز قبل وہ مدینہ کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔
شیخ فیصل نعمان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے تھا جو طویل عرصے سے مسجد نبوی ﷺ کی خدمت میں مصروف تھا۔
مسجد نبویؐ کے موذن شیخ فیصل نعمان انتقال کر گئے ، جنت البقیع میں سپرد خاک
ان کے والد بھی کم عمری میں اسی عظیم منصب پر فائز ہوئے اور 90 سال سے زائد عرصے تک اذان دیتے رہے، بعد ازاں یہ فخر شیخ فیصل نعمان کو نصیب ہوا۔
ان کی نماز جنازہ فجر کے وقت ادا کی گئی اور انہیں تاریخی جنت البقیع میں سپرد خاک کیا گیا، جہاں رسول اللہ ﷺ کے اہل خانہ اور جلیل القدر صحابہ کرام آرام فرما ہیں۔
حال ہی میں شیخ فیصل نعمان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب گردش کر رہی ہے جس میں وہ اپنی زندگی کی آخری اذان پُرسوز انداز میں دے رہے ہیں۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے بھی 2 نومبر کو دی گئی ان کی آخری اذان کا جذباتی پیغام شیئر کیا ہے جو ان کی زندگی کی آخری پکار ثابت ہوئی۔
