بیجنگ: چین میں ایک نمائش کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک بچے نے غیر ارادی طور پر انتہائی قیمتی سونے کا تاج توڑ دیا، جس کی مالیت لاکھوں ڈالر بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 2 کلوگرام وزنی گولڈن فینکس کراؤن کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالر تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک بچہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ نمائش دیکھنے آیا۔ اور غلطی سے تاج کے قریب لگے حفاظتی کیس سے ٹکرا گیا۔ جس کے نتیجے میں کیس الٹ گیا اور تاج زمین پر گر کر ٹوٹ گیا۔
واقعے کی تفصیلات معروف چینی انفلوئنسر ژینگ کائیے نے شیئر کیں۔ ژینگ کائیے کے مطابق یہ تاج ان کے شوہر نے شادی کے تحفے کے طور پر تیار کروایا تھا اور یہ ان کے لیے محبت اور یادگار کی علامت تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ اپنی والدہ کے ساتھ تاج کو دیکھنے کے لیے آگے بڑھتا ہے۔ جب وہ حفاظتی کیس کو صاف کرنے یا چھونے کی کوشش کرتا ہے۔ تو کیس توازن کھو بیٹھتا ہے اور تاج نیچے گر جاتا ہے۔
ژینگ کائیے نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد وہ شدید مایوسی کا شکار ہو گئی تھیں۔ کیونکہ یہ تاج ان کے لیے جذباتی اہمیت رکھتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ محض ایک قیمتی شے نہیں بلکہ ان کی محبت کی نشانی تھی۔ جبکہ جوڑے کو خدشہ تھا کہ یہ واقعہ ان کی شادی کے لیے بدشگنی کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
