اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ حکومتی مذاکرات کی پیشکش دراصل دوغلے پن اور عوام کو بےوقوف بنانے کی کوشش ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے حکومتی مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا رویہ سیاسی گھبراہٹ اور فکری دیوالیہ پن کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ پی ٹی آئی سے معافی مانگنے کا مطالبہ حکومت کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو پیشگی شرائط عائد کرکے بات چیت کا مطالبہ نہیں کرنا چاہیے۔ کیونکہ ایسے مذاکرات سنجیدہ نہیں ہوتے۔ اگر حکومت واقعی موجودہ سیاسی اور آئینی بحرانوں کا حل چاہتی ہے تو وہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے بات چیت کر سکتی ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے رابطہ کرے۔ کیونکہ یہی شخصیات اس وقت ایک وسیع تر سیاسی اتفاق رائے کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی بھی صورت موجودہ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں شامل نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات کی پیش کش متضاد مؤقف اور دوغلے پن پر مبنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکمرانوں کو مغرب کی تقلید کے بجائے دین اسلام کی پیروی کرنی چاہیے، مولانا فضل الرحمان
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔ اور وہ اس سے قبل بھی پی ٹی آئی قیادت کو متعدد بار بات چیت کی دعوت دے چکے ہیں۔
