اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے رہائشی اور کمرشل پلاٹوں کی تین روزہ نیلامی کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے پہلے ہی دن اربوں روپے کی بولیاں سامنے آئیں۔
سی ڈی اے کے مطابق نیلامی کے پہلے روز مجموعی طور پر چار پلاٹس فروخت کیے گئے، جن سے 13 ارب 52 کروڑ روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔ پہلے دن صرف دو کمرشل پلاٹس اور دو ایگرو فارم پلاٹس فروخت ہو سکے، تاہم اس کے باوجود نیلامی کو کامیاب قرار دیا جا رہا ہے۔
پی ایس ایل میں نئی ٹیموں کی نیلامی 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہو گی
سی ڈی اے کے اعلامیے کے مطابق بلیو ایریا (ایف 8، جی 8) میں واقع پلاٹ نمبر 15 کو 3 ارب 52 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا، جبکہ اسی علاقے میں پلاٹ نمبر 17 سب سے مہنگا رہا جو 9 ارب 15 کروڑ روپے میں فروخت ہوا۔
اسی طرح مرری روڈ پر واقع آرچرڈ اسکیم کے پلاٹ نمبر 37 سی کو 42 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ پلاٹ نمبر 37 ڈی کو 42 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔ یوں پہلے دن چار پلاٹس کی نیلامی سے مجموعی طور پر 13 ارب 52 کروڑ روپے حاصل ہوئے۔
سی ڈی اے کے مطابق یہ تین روزہ نیلامی جناح کنونشن سینٹر میں 24 دسمبر تک جاری رہے گی، جس میں مختلف کیٹیگریز کے رہائشی اور کمرشل پلاٹس سرمایہ کاری کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔ نیلامی میں مختلف مراکز، ای 11 ناردرن اسٹرپ، ایگرو فارمز، پیٹرول پمپس اور بلو ایریا میں تعمیر شدہ دکانیں بھی شامل ہیں، جبکہ مختلف سیکٹرز کے رہائشی پلاٹس بھی نیلام کیے جائیں گے۔
پی آئی اے نجکاری، لکی سیمنٹ کنسورشیم بولی جمع کرانے کے لیے تیار
سی ڈی اے نے سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی ہیں، جن میں کمرشل پلاٹس کی امریکی ڈالر میں ادائیگی پر اضافی 5 فیصد رعایت، 30 دن میں یکمشت ادائیگی پر 5 فیصد ڈسکاؤنٹ، 25 فیصد ابتدائی ادائیگی کے بعد بلڈنگ پلان کی منظوری اور 75 فیصد ادائیگی پر پلاٹ کا قبضہ شامل ہے۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق نیلامی کے بعد موصول ہونے والی بولیاں سی ڈی اے بورڈ کے سامنے پیش کی جائیں گی، جو ان کی منظوری یا مسترد کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدن اسلام آباد کی تعمیر، ترقی اور خوبصورتی پر خرچ کی جائے گی۔
