لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں امتحانی نظام کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین ٹاسک فورس برائے امتحانات پنجاب مزمل محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز میں ای مارکنگ کا عمل متعارف کرایا جا رہا ہے۔ تاکہ امتحانی نظام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا پائلٹ مرحلہ 2026 میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے کمپیوٹر امتحانات سے شروع کیا جائے گا۔
مزمل محمود نے کہا کہ صوبے بھر کے تمام امتحانی مراکز میں ڈیجیٹل حاضری کا نظام نصب کیا جائے گا۔ اور تمام طلبا کی حاضری بائیو میٹرک کے ذریعے لی جائے گی۔ ڈیجیٹل اصلاحات کا یہ منصوبہ آئندہ 3 برس میں مرحلہ وار مکمل طور پر نافذ کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام تعلیمی بورڈز کے لیے یکساں سوالات پر مشتمل مرکزی سوالیہ بینک بھی قائم کیا جائے گا۔ جس سے امتحانی معیار میں بہتری اور یکسانیت پیدا ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: این سی سی آئی اے کے چار افسران کے استعفے منظور، نوٹیفکیشن جاری
چیئرمین ٹاسک فورس نے کہا کہ ان اصلاحات کا مقصد نقل اور بے ضابطگیوں کا خاتمہ، امتحانی عمل میں شفافیت اور طلبا کو ایک منصفانہ نظام فراہم کرنا ہے۔
