ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے معصوم بچوں کی قربانی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے قومی عزم کی ایک روشن اور ناقابلِ فراموش علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں دنیا کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ دہشتگردی کے باعث پاکستان میں اب تک 90 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کا نقصان ہو چکا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ قوم نے امن و سلامتی کیلیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا سعودی عرب میں پاک افغان مذاکرات سے لاعلمی کا اظہار
ترجمان نے کہا کہ یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار اور غیر متزلزل عزم کی زندہ یاد دہانی ہیں۔ پاکستان کی قربانیوں نے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ پورے خطے اور اس سے باہر بھی بے شمار قیمتی جانیں بچائی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف مسلسل فیصلہ کن اور مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو سرحد پار سے سرگرم دہشت گرد عناصر کی جانب سے مستقل خطرات کا سامنا ہے، جبکہ بعض دہشت گرد گروہوں کو ہمارے مخالفین کی جانب سے مسلسل معاونت حاصل ہے۔
متحدہ عرب امارات نے ویزوں پر کوئی نئی پابندی عائد نہیں کی، دفتر خارجہ
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے ، عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کا اعتراف کرے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے تعاون کو فروغ دے۔
