راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 7 خوارج مارے گئے۔ کارروائی کے دوران نائیک یاسر خان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے میں 7 خوارج ہلاک ہو گئے۔ جبکہ کارروائی کے دوران نائیک یاسر خان نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ شہید نائیک یاسر خان کا تعلق ضلع مردان سے تھا۔
مارے جانے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ خوارج متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی بیرون ملک سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے اداروں کیخلاف مہم چلا رہی ہے، طلال چودھری
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔ اور عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز کی انسداد دہشت گردی مہم تیز کر دی گئی ہے۔
