وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں 50 بیسس پوائنٹس کمی کے فیصلے پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے کاروباری برادری اورعام آدمی کیلئے خوش آئند اور معاشی بہتری کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی انتھک محنت رنگ لا رہی ہے اور ملک میں معاشی استحکام واضح طور پرنظرآ رہا ہے۔
وزیرِ اعظم نے وفاقی وزیرِخزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِمملکت خزانہ بلال اظہرکیانی، سیکریٹری خزانہ اورانکی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان سب کی سنجیدہ اورمربوط کوششوں کے باعث پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہو چکی ہے۔
پی ٹی آئی بیرون ملک سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے اداروں کیخلاف مہم چلا رہی ہے، طلال چودھری
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی پر قابو پانے، زرِ مبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور مالی نظم و ضبط کے ثمرات اب عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ معاشی استحکام کے حصول کیلئے کاروباری برادری اور عوام نے مشکل فیصلوں کے دوران قربانیاں دیں، جس کا اعتراف حکومت کھلے دل سے کرتی ہے۔
الحمدللہ معاشی بہتری کے نتیجے میں حکومت عوام کو جس قدرممکن ہو، ریلیف فراہم کر رہی ہے اور یہ عمل مزید تیز کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شرح سود میں کمی اورکم لاگت پرقرضوں کی دستیابی سے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارکو فروغ ملے گا روزگارکے نئے مواقع پیدا ہونگے اورصنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معاشی ترقی کے سفرکوجاری رکھتے ہوئے عوامی فلاح کو اولین ترجیح دے گی۔
