اسلام آباد: ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں مزید 2 گواہوں کے بیانات قلمبند کر لیے گئے۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید دو گواہوں کے بیانات قلمبند کر لیے گئے۔
سماعت کے دوران دفاع کے وکلا کی جانب سے گواہوں پر جرح نہیں کی جا سکی۔ عدالت نے کارروائی کے دوران ملزم عمر حیات پر ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کر دی۔
اب تک اس کیس میں مجموعی طور پر 16 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ رواں برس 2 جون کو اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو ان کے گھر میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔
اس واقعے کا مقدمہ مقتولہ کی والدہ فرزانہ یوسف کی درخواست پر سمبل پولیس اسٹیشن میں دفعہ 302 کے تحت درج کیا گیا تھا۔ جس کے بعد پولیس نے ملزم عمر حیات کو گرفتار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزارت مذہبی امور کا نجی حج ٹور آپریٹرز کیلئے شرائط سخت کرنے کا فیصلہ
ثنا یوسف سوشل میڈیا پر خاصی مقبول تھیں۔ ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 8 لاکھ جبکہ انسٹاگرام پر لگ بھگ 5 لاکھ فالوورز تھے۔
