اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے نجی حج ٹور آپریٹرز کے لیے شرائط سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کی کوتاہی سے عازم حج سفر پر نہ جا سکا تو کمپنی کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ بروقت عازمین حج کی رقوم منتقلی میں ناکام حج ٹور آپریٹرز کا لائسنس منسوخ ہو گا۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق لائسنس منسوخ ہونے کے بعد کمپنی آئندہ حج ٹور آپریٹرز کے طور پر کام نہیں کرسکے گی۔ اور مالی بے ضابطگی پر متعلقہ حج ٹورآپریٹر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
15 دسمبر تک سروسز حاصل نہ کرنے والے آپریٹرز کا بقیہ کوٹہ سرکاری حج اسکیم میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ عازمین حج کے لیے حج کے اخراجات جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف نے سرکاری ملازمین کے اثاثے ظاہر کرنے کا مطالبہ کر دیا، وزیر خزانہ
ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور کی جانب سے پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ جس کے مطابق نجی حج آپریٹرز کو حج پیکج کی رقم متعلقہ سعودی اکاؤنٹس میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اور منیٰ کی زمین، رہائشی عمارتوں کی سروسز 21 دسمبر تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
