متحدہ عرب امارات کی وفاقی اتھارٹی نے نئے سال 2026 کی آمد پر سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے تعطیل اور ریموٹ ورک کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
سرکاری سرکلر کے مطابق یکم جنوری 2026 بروز جمعرات ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی، جبکہ جمعہ 2 جنوری کو وفاقی اداروں کے ملازمین گھر سے کام کریں گے۔
تاہم ایسے شعبوں سے وابستہ افراد، جن کا کام لازمی طور پر دفتر میں موجودگی کا تقاضا کرتا ہے، معمول کے مطابق ڈیوٹی پر حاضر ہوں گے۔
نئے سال کی خوشیاں منانے کے لیے ملک بھر میں شاندار آتشبازی، ڈرون شوز اور خصوصی تقریبات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
راس الخیمہ میں 6 کلو میٹر طویل ساحل پر 15 منٹ کی شاندار آتشبازی ہوگی، جس میں 2,300 سے زائد ڈرونز، لیزرز اور پائر ٹیکنکس کا استعمال کیا جائے گا۔
دبئی: شاہ رخ خان کے نام پر بننے والا ٹاور ایک دن میں فروخت
اس پروگرام کے دوران دنیا کی سب سے بڑی واحد آتشبازی کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔
دبئی میں گلوبل ولیج، اٹلانٹس دی پام اور بلیو واٹرز آئی لینڈ پر آتشبازی، ڈرون شوز، کنسرٹس اور بیچ پارٹیز کا اہتمام کیا جائے گا۔
ابوظہبی میں شیخ زاید فیسٹیول کے تحت 62 منٹ طویل آتشبازی اور دنیا کی سب سے بڑی ڈرون پرفارمنس پیش کی جائے گی، جس میں ثقافتی و روایتی سرگرمیاں بھی شامل ہوں گی۔
وفاقی اتھارٹی نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق انتظامات یقینی بنائیں اور تعطیلات کے دوران خدمات کا تسلسل برقرار رکھیں۔
