پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ کے پاکستان کی مسلح افواج سے متعلق اشتعال انگیز بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کا کہنا ہے کہ پاکستان ذمہ دار ریاست ہے، پاکستان کے تمام ادارے بشمول مسلح افواج قومی سلامتی کا ستون ہیں، پاکستان کے ریاستی ادارے ملک کی خود مختاری اور علاقائی سلامتی کے محافظ ہیں۔ بھارتی بیان بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا سعودی عرب میں پاک افغان مذاکرات سے لاعلمی کا اظہار
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ معرکہ حق نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور ملکی دفاع کے عزم کو واضح کر دیا ، کوئی بھی پروپیگنڈا اس حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کے اداروں اور قیادت کو بدنام کرنے کی کوششیں پروپیگنڈا ہیں، منفی پروپیگنڈا سے بھارتی زیر سرپرستی پاکستان میں دہشتگردی سے توجہ ہٹانا مقصود ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاک افواج سے متعلق گمراہ کن بیانات دینے کے بجائے بھارت ہندوتوا سوچ پر غور کرے، انتہاپسند ہندوتوا نے بھارت میں قتل و غارت اور عبادت گاہوں کی مسماری کو ہوا دی ، بھارتی قیادت مذہب کے نام پر پھیلائے گئے خوف و دہشت کی قیدی بن چکی ہے۔
پاکستان بھارت تنازع مکمل جنگ کی صورت اختیار کر سکتا ہے، وزیر دفاع
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بقائے باہمی، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، پاکستان اپنے مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے متحد ، مضبوط اور تیار ہے۔
