سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارت کے حمایت یافتہ 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو قلات میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی جس پر فوری اور مربوط آپریشن کیا گیا۔
کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے، جسے وہ دہشتگرد کارروائیوں میں استعمال کرنا چاہتے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید ممکنہ دہشتگردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ خطرے کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت پرعزم ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔
