ٹک ٹاک نے صارفین کے لیے نیا فیچر نیئر بائی فیڈ متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے لوگ اپنے اردگرد موجود مقامات اور مقامی سرگرمیوں سے متعلق مواد دیکھ سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد صارفین کو اپنے علاقے میں نئی جگہیں دریافت کرنے اور مقامی مواد تک رسائی میں مدد فراہم کرنا ہے۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر برطانیہ، فرانس، اٹلی اور جرمنی میں لانچ کیا گیا ہے۔ اس کی آزمائش سب سے پہلے 2022 میں جنوب مشرقی ایشیا میں محدود پیمانے پر کی گئی تھی، جسے بعد میں روک دیا گیا تھا، تاہم اب اسے دوبارہ چند ممالک میں دستیاب کر دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق نیئر بائی فیڈ میں صارفین کو ان کی لوکیشن، مواد کے موضوع اور پوسٹ کے وقت کی بنیاد پر ویڈیوز دکھائی جائیں گی، جن میں سیاحت، ایونٹس اور کھانوں سے متعلق مقامی مواد شامل ہو سکتا ہے۔
ویڈیوز پوسٹ کرنے والوں کے لیے بھی یہ فیچر فائدہ مند ہوگا کیونکہ اس کے ذریعے وہ اپنے شہر یا علاقے کے زیادہ صارفین تک پہنچ سکیں گے۔
ٹک ٹاک نے بتایا ہے کہ لوکیشن شیئر کرنا لازمی نہیں ہو گا اور یہ آپشن صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہے۔ لوکیشن آن کرنے پر ٹک ٹاک جی پی ایس کے ذریعے لوکیشن پر مبنی مواد دکھائے گا۔
ٹک ٹاکر پیاری مریم کے انتقال سے قبل کا آخری ولاگ وائرل، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی
کم عمر صارفین یعنی 18 سال سے کم عمر اکاؤنٹس کے مواد کو نیئر بائی فیڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح اگر کوئی اکاؤنٹ پرائیویٹ، فرینڈز یا اونلی یو پر سیٹ ہے تو اس کی ویڈیوز بھی اس فیڈ میں نظر نہیں آئیں گی۔
اگر کوئی صارف کسی دوسرے شہر یا علاقے کے مقامی مواد کو دیکھنا چاہے تو وہ لوکیشن نیم کے ذریعے اپنی لوکیشن تبدیل کر سکے گا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ٹک ٹاک اس فیچر کو دنیا بھر کے صارفین کے لیے کب تک جاری کرے گا۔
