لاہور سمیت پنجاب بھر میں ون ڈش اور لاؤڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ ون ڈش کی پابندی پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
حکومت پنجاب کی جانب سے شادیوں اور دیگر تقریبات میں بلند آہنگ موسیقی کے استعمال کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔
قوالی نائٹ اور دیگر تقریبات میں لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ فارم ہاؤسز اور گراؤنڈز میں لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر پابندی کے لیے بھی عملی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ ون ڈش کی پابندی صرف میرج ہالز تک محدود نہیں رہے گی بلکہ فارم ہاؤسز اور گراؤنڈز میں بھی اس پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔
صوبائی حکومت نے میرج ہالز کے لیے مقررہ اوقات کار کی پابندی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے اس کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
