اسلام آباد، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوان اور افسر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، جبکہ بعض عناصر مسلح افواج کے خلاف منفی بیانیہ پھیلا رہے ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ’’ہمارے جوان خوارج کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہو رہے ہیں اور تمہیں صرف تنقید کرنا آتا ہے، ذرا دہشت گردوں کے سامنے تو آؤ‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے اپنے بیٹوں کو بیرونِ ملک رکھا ہوا ہے، ’’ذرا انہیں بھی خوارج کے آگے کھڑا کریں، بھیجو اپنی اولاد کو فوج میں‘‘۔
ترجمان پاک فوج نے عمران خان کو ذہنی مریض قرار دے دیا
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کے خلاف نفرت کا بیج بونے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن عوام جانتے ہیں کہ فوج کا ہر جوان اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر میدان میں اترتا ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’’خوارج کے سامنے کون کھڑا ہوتا ہے؟ کون اپنی جانیں دیتا ہے؟‘‘
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہمیشہ ملک و قوم کے لئے قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ عزم، حوصلے اور اتحاد سے ہی جیتی جا سکتی ہے۔
