کراچی، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں صحت کے شعبے میں ہونے والی ترقی 18ویں آئینی ترمیم کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی (کارڈیو ویسکیولر سینٹر) آج عالمی معیار کے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبوں کو مالی وسائل کی منتقلی درست فیصلہ تھا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اگرصوبوں کو فنڈزدینے کو غلطی قراردیا جاتا ہے تو آج این آئی سی وی ڈی سمیت سندھ میں موجود جدید ترین اسپتالوں کی صورتحال دیکھ لی جائے۔
انہوں نے کہا کہ وسائل کی منتقلی سے پہلے وفاقی انتظام میں چلنے والے بڑے اداروں، خصوصاً جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جناح اسپتال) کی حالت کسی سے پوشیدہ نہیں تھی، جو اب بھی توجہ کا نیاز مند ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا سعودی عرب میں پاک افغان مذاکرات سے لاعلمی کا اظہار
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحت سمیت دیگر شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت نمایاں کام کیا ہے، جس کا فائدہ براہِ راست عوام کو پہنچ رہا ہے۔
ان کے مطابق این آئی سی وی ڈی کا ملک بھر میں پھیلتا ہوا نیٹ ورک صوبائی حکومت کے وژن اور مؤثر حکمتِ عملی کی مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کو مالی وسائل دینا غلطی نہیں بلکہ آئینی حق ہے اور پیپلزپارٹی کی حکومت اس حق کو استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو معیاری اور مفت علاج فراہم کر رہی ہے، تنقید کرنے والے سندھ کے اسپتالوں کا دورہ کرکے خود فرق محسوس کریں۔
