بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار ہونے کے باوجود دھرمیندر کا دل ہمیشہ اپنی آبائی زمینوں اور گاؤں کی زندگی سے جڑا رہا۔ کروڑوں کی جائیداد اور شہرت رکھنے کے باوجود وہ دیہی ماحول، کھیتی باڑی اور سادگی میں ہی سکون محسوس کرتے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھرمیندر کو پہلے اپنے والد کی نوکری میں تبادلے اور بعد ازاں فلمی کیرئیر کے باعث گاؤں سے دور ہونا پڑا، تاہم ان کا خاندان وہیں آباد رہا۔ مصروف شیڈول کے باوجود جب بھی انہیں وقت ملتا، وہ تمام آرام و آسائش چھوڑ کر لدھیانہ سے 25 کلومیٹر دور واقع اپنے آبائی گاؤں ڈانگون پہنچ جاتے۔
رپورٹس کے مطابق تقریباً دس سال قبل دھرمیندر اپنی آبائی زمین اپنے چچا زاد کو منتقل کرچکے تھے، کیونکہ وہی ان کی عدم موجودگی میں اس زمین کی دیکھ بھال کرتا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس زمین کی مالیت تقریباً 5 کروڑ روپے ہے۔
دھرمیندر کی 90ویں سالگرہ کے موقع پر شاندار تقریب کا انعقاد
حال ہی میں دھرمیندر کے بھتیجے بوٹا سنگھ دیول نے بتایا کہ 2016 میں گاؤں کے دورے کے دوران دھرمیندر نے 19 کنال اور 3 مرلہ زمین ان کے والد منجیت سنگھ اور چچا شنگارا سنگھ کے نام منتقل کی تھی۔
ان کے مطابق شہرت کے باوجود دھرمیندر ہمیشہ پنجاب میں اپنے رشتہ داروں اور بچپن کے دوستوں سے رابطے میں رہتے تھے۔ آخری بار وہ 2019 میں گاؤں آئے تھے، جب سنی دیول گورداسپور سے الیکشن لڑ رہے تھے۔
اگرچہ وہ زندگی میں دوبارہ پنجاب منتقل نہ ہوسکے، لیکن ممبئی کے قریب کھنڈالہ میں انہوں نے ایک بڑا فارم ہاؤس تعمیر کروایا۔ دھرمیندر نے اپنی زندگی کے کئی سال اسی فارم پر گزارے اور کورونا لاک ڈاؤن کے دوران وہیں سے مداحوں کے ساتھ متعدد ویڈیوز بھی شیئر کیں۔
