لاہور: انسداد دہشتگردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ سمیت 9 مئی کے 6 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں مسلم لیگ ن کا دفتر جلانے، کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے سمیت 9 مئی کے 6 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی عبوری ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 16 جنوری تک توسیع کر دی۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی سمیت دیگر رہنما عبوری ضمانت کے مدت ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔
جے آئی ٹی کے تفتیشی افسران نے عدالت میں رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت تمام ملزمان کو گناہ گار قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کیخلاف شکنجہ سخت کرنے کا فیصلہ
ملزمان نے مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے اور کلمہ چوک پر کینٹیر جلانے سمیت نو مئی کے دیگر مقدمات میں عبوری ضمانتیں دائر کر رکھی ہیں۔ جن میں اعظم خان سواتی، جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، حافظ فرحت عباس سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔
