راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے رائل سعودی لینڈ فورسز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود نے ملاقات کی۔ جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق رائل سعودی لینڈ فورسز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
سعودی کمانڈر نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں عسکری قیادتوں نے پاکستان اور سعودی عرب کی مسلح افواج کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں ممالک کے مضبوط دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹریننگ اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے شعبوں میں باہمی تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بحرین کے نیشنل گارڈ کمانڈر کی ملاقات
لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
